پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عام انتخابات میں نتائج کے حصول کے لیے پہلی مرتبہ استعمال ہونے والے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کی ناکامی کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

پی ٹی آئی کے سینیٹراعظم سواتی نے آر ٹی ایس کی ناکامی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادی۔

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ آر ٹی ایس کی ناکامی کی وجوہات اور اس کی ناکامی سے انتخابی نتائج کو نقصان پہنچنے کے حوالے سے تحقیقات ہونی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پورا دن شفاف انتخابات کا عمل جاری رہا لیکن نتائج کے وقت آر ٹی ایس ناکام ہو گیا، اس کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین کرنا بہت ضروری ہے۔

آر ٹی ایس کی ناکامی کے ذمے داروں کے تعین کا مطالبہ کرتے ہوئے سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ سینیٹ کو آر ٹی ایس کی ناکامی اور وجوہات سے متعلق آگاہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج کے آنے میں دیر ہوئی تھی جس پر چیف الیکشن کمشنر نے رات گئے میڈیا کو بتایا تھا کہ آر ٹی ایس نے دباؤ کے باعث کام کرنا چھوڑ دیا تھا جس کے باعث نتائج کے حصول میں تاخیر ہو رہی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY