ایون فیلڈ فیصلے کے خلاف درخواست، تاخیری حربے استعمال کرنے پرعدالت کا نیب کو جرمانہ

0
645

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر) محمد صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو( نیب) کو دس ہزار روپے جرمانہ کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کےمطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ ملزمان کی سزا معطلی کی درخواستوں پر جسٹس اطہر من اللہ اور میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے ایڈیشنل ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل (اے ڈی پی جی) نیب کو عدالت کا وقت ضائع کرنے کامرتکب ٹھہرایا، عدالت کا کہنا تھا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا معطلی درخواست پر دلائل دینے کے بجائے استغاثہ سماعت برخواست کرنے پر اصرار کررہے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نیب پراسیکیوشن سے استفسار کیا اگر التوا کی درخواست منظور کر بھی لی جائے تو آرڈر شیٹ میں کیا لکھیں کہ نیب کیوں التوا مانگ رہا ہے؟ کیا یہ لکھنا مناسب ہوگا کہ چونکہ مذکورہ مقدمے میں نیب پراسیکیوٹر دلائل نہیں دینا چاہتے لہٰذا سماعت ملتوی کردی گئی؟

واضح رہےکہ اس سے قبل عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مجرم سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی اور داماد کی جانب سے سزا معطلی کی دائر کردہ 3 درخواستوں کی سماعت میں دلائل مکمل کرنے کے لیے استغاثہ کو جمعرات کا وقت دیا تھا ۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی جانب سے تینوں ملزمان کو دی جانے والی قید کی سزا کے خلاف 16 جولائی کو درخواست دائر کی گئی تھی، اور اسی روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو نوٹس جاری کردیا تھا۔

بعدازاں 13 اگست کو ان درخواستوں کی سماعت مقرر کی گئی تھی جس میں عدالت نے استغاثہ کو جمعرات تک اپنے دلائل مکمل کرنے کے احکامات دیے تھے۔

یاد رہے کہ عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے درخواست گزاروں کے وکیل اپنے دلائل بدھ کو ہی مکمل کرچکے تھے، اورعدالت نے استغاثہ کو پیروائز کمنٹ جمع کرانے کےلیے جمعرات تک کی مہلت دی تھی۔

تاہم جمعرات کو ہونے والی سماعت میں نیب پراسیکیوٹر سرادر مظفر عباسی نے موقف اختیار کیا کہ نیب کو پیروائز کمنٹ کے لیے مزید وقت درکار ہے اور درخواست کی کہ سماعت ملتوی کردی جائے۔

جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کیا یہ مناسب ہے؟ ایسا دنیا کی کسی عدالت میں نہیں ہوا کہ استغاثہ نے وکیل دفاع کے دلائل مکمل ہونے کے بعد التوا کی درخواست کی ہو۔

جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس کے لیے انہیں اعلیٰ سطح سے ہدایات ملی ہیں،جس پر عدالت نے کہا کہ التوا مانگنے کے لیے ٹھوس وجہ ہونی چاہیے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس موقع پر التوا کیسے مانگ سکتےہیں،جب ہم اس معاملےکی وضاحت کے لیے آپ سے سولات کرنا چاہتے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کس نے آپ کو ہدایات دی ہیں، جس پر سردار مظفر عباسی نے جواب دیا کہ مجھے پراسیکیوٹر نیب کی طرف سے یہی ہدایت ملی ہیں۔

اس پر ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب جہانزیب بھروانہ جو سردار مظفر عباسی کو معاونت فراہم کررہے تھے ، موقف اختیار کیا کہ بیورو نے اس سے قبل بھیہ اعتراض اٹھائے تھے، لیکن عدالت کی جانب سے کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔

بعد ازاں عدالت نے اے پی جی جہانزیب بھروانہ کی جانب سے دلائل مکمل کرنے یقین دہانی پر نیب پر 10 ہزار روپے کا جرمانہ کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

SHARE

LEAVE A REPLY