آسٹریلوی سیاسی بحران نے انجام کار میلکم ٹرنبُل کی وزارت عظمیٰ کو ختم کر دیا۔ قدامت پسند سیاسی جماعت لبرل پارٹی نے جمعہ چوبیس اگست کو وزارت خزانہ کے انچارج اسکاٹ موریسن کو ٹرنبُل کی جگہ نیا لیڈر منتخب کر لیا۔ گزشتہ ایک دہائی میں موریسن آسٹریلیا کے چھٹے وزیراعظم بنیں گے۔ موریسن اپنے قریب ترین حریف پیٹر ڈَٹن کو شکست دے کر پارٹی کے لیڈر بنے ہیں۔ ٹرنبُل نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی پارلیمنٹ کی رکنیت کو بھی خیرباد کہہ دیں گے۔ اس صورت میں نئے وزیراعظم کے پاس قبل از وقت الیکشن کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں بچے گا۔ لبرل پارٹی کو پارلیمنٹ میں صرف ایک ووٹ کی برتری حاصل ہے۔












