پنجاب میں خیبر پختونخوا طرز پر بلدیاتی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

0
66

وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس، خیبر پختونخوا طرز پر بلدیاتی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ، وزیراعظم عمران خان نے پولیس کو سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد کرانے کا بھی اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کے لاہور میں ڈیرے، پنجاب کابینہ کے اجلاس میں بڑے فیصلے سامنے آگئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 100 دن کے اندر صحت اور تعلیم میں تبدیلی کا پلان واضح کر دیں گے۔ عمران خان نے سبسڈی پر چلنے والے منصوبوں کےفوری آڈٹ کروانے اور پنجاب میں بلدیاتی نظام کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام وزرا اپنے اپنے محکموں میں سادگی کو فروغ دیں۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں کسی بھی سرکاری افسر کو بھاری تنخواہوں پر بھرتی نہ کرنے اور پنجاب پولیس کو سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد کرانے کا اعلان بھی کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے اراکین کو اپنے محکمے سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان سے کہا کہ آپ کے کندھوں پر بڑی ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت کی کارکردگی باقی صوبوں کیلئے ٹرینڈ سیٹر ہونی چاہیے۔ پنجاب میں بدعنوانی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے، کابینہ اراکین کی پہلی ترجیح بدعنوانی کا سدباب ہونا چاہیے۔

SHARE

LEAVE A REPLY