احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی، جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں واجد ضیاء کے بیان میں تبدیلی کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو کل طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک نے نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی جس کے لیے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت لایا گیا۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور آگاہ کیا کہ ‘نواز شریف کے وکیل اسلام آباد ہائی کورٹ میں مصروف ہیں، جہاں ڈویژن بنچ میں واجد ضیاء کے بیان میں تبدیلی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر ہے۔
اس موقع پر جج محمد ارشد ملک نے استفسار کیا کہ ‘ڈویژن بنچ میں سماعت کتنے بجے شروع ہوتی ہے؟ جس پر معاون وکیل نے جواب دیا کہ ‘ہائی کورٹ کا ڈویژن بنچ ساڑھے 11 بجے سماعت شروع کرتا ہے۔
احتساب عدالت کے جج نے معاون وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘پھر ہم ساڑھے 12 بجے تک سماعت میں وقفہ کر دیتے ہیں، آپ اس دوران خواجہ حارث سے پوچھ لیں کہ کیا وہ اس سے پہلے آسکتے ہیں؟
سماعت میں ساڑھے 12 تک کے وقفے کے بعد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اسلام آباد ہائیکورٹ سے احتساب عدالت پہنچے۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے آگاہ کیا کہ ‘عدالتی کارروائی پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے کوئی حکم امتناع جاری نہیں کیا گیا۔
اس پر خواجہ حارث نے موقف اختیار کیا کہ ‘ہائیکورٹ میں لمبی تاریخ نہیں دی گئی، اس لیے ہم نے حکم امتناع نہیں مانگا، اس موقع پر احتساب عدالت کے جج نے تجویز دی کہ ‘کارروائی کا جو حصہ چیلنج کیا گیا ہے، اُسے چھوڑ کر آگے چل لیتے ہیں۔
خواجہ حارث اس پر موقف اختیار کیا کہ ‘ایک ترتیب بنی ہوئی ہے، لہذا اُسی کے تحت چلنا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘یہ کوئی پرسنل بات نہیں، خالصتاً قانونی معاملہ ہے۔
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ ‘اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے کل کے لیے نوٹس ہوا ہے، تو پھر تو یہ کل بھی نہیں ہو پائے گا۔
جس کے بعد احتساب عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کل دن ساڑھے 12 بجے تک کے لیے ملتوی کردی۔
دوسری جانب العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں واجد ضیاء کے بیان میں تبدیلی کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی درخواست پر قومی نیب کو کل کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ‘میرا موقف ہے کہ نواز شریف اور حسین نواز نے رپورٹ پیش نہیں کی۔اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ‘رپورٹ پیش کی گئی تو جے آئی ٹی رپورٹ میں موجود ہوگا۔
خواجہ حارث نے موقف اختیار کیا کہ ‘میرے سوال پر واجد ضیاء نے جواب دیا، جو لکھا گیا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ‘نیب پراسیکیوٹر کے اعتراض پر فاضل جج نے لکھا گیا بیان تبدیل کردیا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ ‘بیان تبدیل کرنے سے آپ کے کیس پر کیا اثر پڑے گا؟ خواجہ حارث نے کہا کہ ‘نیب کے اعتراض پر لکھا گیا بیان تبدیل ہوسکتا ہے۔
اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ‘نیب حکام کو کل سن لیتے ہیں۔اس موقع پر عدالت نے نیب کو کل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی۔













