ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب، کاملا ہیرس کی مبارکباد

0
813

کاملا ہیرس نے صدارتی انتخاب میں کامیابی پر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کر کے مبارک باد دی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق کاملا ہیرس کے قریبی معاونین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دورانِ گفتگو کاملا ہیرس نے اقتدار کی پرامن منتقلی اور تمام امریکیوں کا صدر بننے کی اہمیت پر زور دیا۔

کاملا ہیرس کے معاونین کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو چند منٹ تک جاری رہی۔

کاملا ہیرس نے اپنے حامیوں کو واشنگٹن ڈی سی کی ہوورڈ یونی ورسٹی بلا لیا ہے جہاں امریکی وقت کے مطابق کاملا ہیرس سہ پہر چار بجے اپنے خطاب میں اپنی شکست تسلیم کریں گی۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’کے مطابق کاملا ہیرس کی انتخابی مہم کا کہنا ہے کہ امریکی وقت کے مطابق ایک بجے یونی ورسٹی کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔

کاملا نے ہوورڈ یونی ورسٹی میں اپنا الیکشن ہیڈ کوارٹر قائم کیا تھا جہاں منگل کی شب اُن کا خطاب بھی متوقع تھا۔

الیکشن کی رات تک کاملا کے حامیوں میں جوش و خروش بھی دیکھا جا رہا تھا۔ تاہم جوں جوں انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوا اس کے بعد سے کارکنوں نے مایوس ہو کر وہاں سے جانا شروع کر دیا تھا۔ بعدازاں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ کاملا خطاب نہیں کریں گی۔

صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیتنے کے لیے درکار الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

وائس آف امریکہ کی گنتی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو 277 الیکٹورل ووٹ مل چکے ہیں جب کہ صدر بننے کے لیے 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ ڈیمو کریٹک صدارتی اُمیدوار کاملا ہیرس اب تک 224 ووٹ حاصل کر سکی ہیں۔

صدارتی انتخاب کے لیے اہم سمجھے جانے والی سوئنگ ریاست وسکونسن میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے 270 کا ہندسہ عبور کیا۔ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نارتھ کیرولائنا، پینسلوینیا اور جارجیا سے بھی جیت گئے تھے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کو منی سوٹا میں کامیابی ملی ہے جس کے بعد ان کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 224 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ منی سوٹا کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 10 تھی جس کاملا ہیرس کو ملے ہیں۔

واضح رہے کہ ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 267 الیکٹورل ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔

امریکہ میں صدر بننے کے لیے 538 الیکٹورل ووٹوں میں سے کم از کم 270 ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔

ابھی ریاست مشی گن، وسکونسن، نیواڈا، ایریزونا اور الاسکا کے نتائج آنا باقی ہیں۔

 

SHARE

LEAVE A REPLY