سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کلثوم نواز کی میت لینے لندن پہنچ گئے، نماز جنازہ آج لندن میں ادا کی جائے گی، جسد خاکی رات 10 بجے ہیتھرو ایئرپورٹ سے پاکستان روانہ کیا جائے گا۔
سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نمازجنازہ آج لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر سوا چار بجے ادا کی جائے گی، نماز جنازہ میں صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف، حسین نواز، حسن نواز، اسحاق ڈار، لیگی کارکن اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی شرکت کریں گے۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کلثوم نواز کی میت کو ہیتھرو ائیرپورٹ لے جایا جائے گا، جہاں رات دس بجے پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے پاکستان روانہ کیا جائے گا، میت جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی، شہباز شریف میت کے ساتھ لاہور آئیں گے۔
بعدازں شہباز شریف کا لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا نواز شریف نے پیرول کے کاغذات پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا، پھر میں نے دستخط کئے، مرحومہ کلثوم نواز کی نمازجنازہ کے بعد میت لے کر پاکستان روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا اللہ نواز شریف اور ان کے بچوں کو صبر جمیل دے، اہلیہ کی وفات پر نواز شریف بہت دکھی ہیں، وہ اس صدمے سے انتہائی دکھ میں ہیں، قوم سے درخواست ہے کلثوم نواز کی مغفرت کیلئے دعا کرے۔
صدر مسلم لیگ شہباز شریف نے کہا نواز شریف نے 109 سے زائد پیشیاں بھگتیں، ثبوت کوئی نہیں ملا، نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کلثوم نواز نے حالات کا بڑی دلیری سے مقابلہ کیا، جب ہم جیل میں تھے انہوں نے پختہ ارادے سے پارٹی کیلئے کام کیا۔













