ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، فہیم اشرف، طیب طاہر اور سعود شکیل کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
سعود شکیل کو افغانستان کے خلاف سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور وہ ایشیا کپ کے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
قومی سلیکشن کمیٹی میں انضمام الحق کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن شامل ہیں جنہوں نے کپتان بابراعظم کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی ہے۔
ایشیا کپ اسکواڈ
ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
اوپنرز : عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق
مڈل آرڈر: بابراعظم ( کپتان )، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر
وکٹ کیپرز: محمد رضوان، محمد حارث
اسپنرز: شاداب خان ( نائب کپتان )، محمد نواز، اسامہ میر
پیس آل راؤنڈر: فہیم اشرف
پیسرز: حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی











