چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے منرل واٹر کمپنی کو گزشتہ 5 سال کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے پانی کے نمونوں کی لیبارٹری رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے زیر زمین پانی نکال کر فروخت کرنے والی کمپنیوں سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔
دوران سماعت منرل واٹر کمپنی کے وکیل اعتزاز احسن پیش ہوئے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کیوں نہ ریکارڈ ملنے اور لیبارٹری نمونے آنے تک فیکٹریاں سیل کردیں اور پانی کی فروخت پر پابندی لگا دیں۔
چیف جسٹس نے اعتزاز احسن سے مکالمے کے دوران کہا کہ بڑی کمپنی کے وکیل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ عدالتی حکم نہ مانیں، کبھی تڑی سے پانی نہیں بکے۔
اس موقع پر عدالت نے منرل واٹر کمپنی کو گزشتہ 5 سال کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ پانی کے نمونوں کی لیبارٹری رپورٹ جلد عدالت میں پیش کی جائے۔












