سعودی عرب اور یمن جنگ میں اس کے اتحادی ممالک نے اقوام متحدہ کی اس قرارداد کو ’متعصب‘ قرار دے دیا ہے، جس میں یمن تنازعے میں مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات کی سفارش کی گئی ہے۔ قبل ازیں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے یمنی جنگ کے فریقین کے خلاف اُس عالمی انکوائری میں توسیع کر دی تھی، جس کے تحت مبینہ جنگی جرائم کی چھان بین کا عمل کیا جا رہا ہے۔ مارچ سن دو ہزار پندرہ سے جاری یمنی جنگ کے نتیجے میں دس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بائیس ملین افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔












