ڈاکٹر نگہت نسیم تمہیں‌کینسر ہے !قسط نمبر 29

0
1966

پھولوں کا گلدستہ اور کارڈ ایلکس نے اٹھائے ہوئے تھے ۔۔جورجینا کی گاڑی میں‌رکھتے ہوئےآبدیدہ ہو گئی ۔۔ میں نے اسے گلے لگا لیا ۔۔ اسے اس کے نئے گھر کے لئے بہت بہت مبارک دی ۔۔ تحائف دیئے ۔۔
پلیز جلدی واپس آ جانا ۔۔ایلکس نے ایسے کہا جیسے سارے فیصلے میرے ہاتھ میں ہوں ۔۔
میرے بس میں صرف دعایئں کرنا اور مثبت رہنا ہے ۔۔ اور میں تم سے وعدہ کرتی ہوں‌کہ میں اس سفر میں‌ مثبت رہونگی ۔۔ میرے مقدر میں‌ جو بھی ہوا مجھے منظور ہو گا
کوئی احتجاج اور شکوہ نہیں ۔۔ شکوے ، شکرگزاری کو دیمک ک طرح چاٹ جاتے ہیں ۔۔ تم بس میرے لئے دعائیں‌ کرنا ۔۔

ایلکس اپنی گاڑی میں بیٹھ چکی تھی اور میں جورجینا کے ساتھ ۔۔ ہماری گاڑیاں‌ آگے پیچھے پارکنگ سے نکل کر اپنی منزل کی طرف مڑ‌گئیں ۔۔ جورجینا مجھے لاکمبہ کے پاس وائلی پارک دکھانا چاہتی تھی جہاں وہ اس وقت آتی تھی جب بہت اداس ہوتی ۔۔۔ میں اس کی اداسیوں کی واحد ہمراز تھی اور اس کی غمگسار بھی ۔۔ میری بہت پیاری دوست مجھے اس وقت مدد کے لئے بلاتی جب اس کے اختیار میں کچھ نہ رہتا ۔۔ فون اٹھاتی اور کہتی کہ مجھے اب تمہاری ضرورت ہے ۔۔۔ پھر میں اسے اپنے گھر لے آتی ۔۔ وہ کافی کو گھونٹ ‌گھونٹ‌ پیتی اور سگریٹ کے کش لگاتی ہوئی مجھے الف سے ی تک سب کچھ بتا دیتی اور میری توجہ میں‌ خاموشی در آتی ۔۔اس کی آنکھوں‌میں ایک ایسا یقین اتر آتا جیسے پوری کائینات میں صرف ہم دو ہی رہ گئے ہوں‌ ۔ جب وہ تھک جاتی تو ہم خاموشی سے کھاناکھاتے اور میں اس وقت تک کچھ نہ کہتی جب تک جورجینا مجھ سے اپنی مشکل کا حل نہ پوچھتی ۔۔ اس کی زندگی سانپ سیڑھی جیسی تھی ۔۔ جیسے ہی وہ نناوے پر پہنچتی نیچے گر پڑتی ۔۔۔۔۔۔۔۔ میں اسے گلے لگا کر دعاؤں‌ کے ساتھ اس کے گھر چھوڑ آتی تھی ۔۔۔۔اور یہ سب کئی برسوں‌سے ہو رہا تھا ۔

اوشو نے کتنا اچھا کہا تھا کہ ہم انسان ، عادتوں کا مردہ ڈھیر ہیں ۔

لیکن یہ بھی تو سچ تھا کہ ہم اپنی عادتوں‌سے رہائی چاہتے ہی نہیں‌ تھے ورنہ ایک ہی جیسے واقعات بار بار کیوں ہوں۔
ہمارا جسم بھی تو مردہ بستی ہے ۔۔ ایک سیکنڈ میں 25 ملین سیل/ خلیئے مر جاتے ہیں اور اس کی جگہ اتنے ہی نئے سیل آ جاتے ہیں‌
پورا جسم ایک سال میں‌نیا ہو جاتا ہے ۔۔لیکن پرانے خیالوں‌کو نئے نہیں‌ ہونے دیتے ۔۔ ہم کچھ بھی تو بدلنا نہیں چاہتے تھے ۔۔نہ خیال ۔۔نہ سوچ اور نہ عادتیں‌۔
مولائے کائینات علی علیہ السلام فرماتے تھے کہ تمہارا آج کل سے مختلف ہونا چاہیئے ۔۔ لیکن ہم انسانوں‌کو جوہڑ‌ بنے رہنے پر فخر سا ہوتا ہے شاید ت بدلنانہیں‌چاہتے ۔
جبکہ بدلنا ہی زندگی کی علامت ہے ۔۔۔ہمیشہ جوان رہنے کے لئے خود کو بدلتے رہنا یعنی کچھ نیا سیکھتے رہنا شرط ہے۔

جورجینا مجھے پارک لے کر آئی تھی ۔۔ شاید اسے لگا ہو کہ میں اداس ہوں ۔۔ زندگی کی اس بیوفائی پر رنجیدہ ہوں ۔۔ اور میں آنے کو منع کر کے اس کے دل کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتی تھی۔۔ اب ہم دونوں‌ وائلی پارک میں داخل ہو چکے تھے ۔۔ بایئں طرف درختوں کے جھنڈ میں‌پانی کی آبشار بہہ رہی تھی ۔۔ چھوٹے سے تالاب کے آس پاس اور اس کے اندر بطخیں‌ کھیل رہی تھیں‌۔۔ کبوتر اور بہت سارے رنگ برنگے پرندے درختوں میں چھپن چھپائی کھیل رہے تھے ۔۔

اب ہم دونوں‌ وائلی پارک میں داخل ہو چکے تھے

میں نے دل ہی دل میں‌سوچا آنے والے پچاس برسوں میں یہاں کیا کچھ بدل سکتا ہے جسے میں دیکھ نہ پاؤنگی ۔۔پھر سوچ کر خود ہی ہنس پڑی ۔۔ یہ باغ ایسا ہی رہے گا ۔۔ بس نام اور شکلیں بدلیں گی ۔۔ ۔۔ یہاں‌ کوئی اور اداس ۔۔کوئی اور خوش آئے گا ۔۔ کوئی پکنک منانے تو کوئی اپنی دوست کو کینسر کی تشخیص کے بعد اس لیے لےکر ائے گا کہ شاید آج کے بعد اس کا ساتھ میسر رہے یا نہیں ۔۔۔

دوستی ، پیار اور محبت وسوسوں‌ کی پوٹلیاں ہیں ۔۔ جو ہمارے ساتھ ہی جنم لیتی ہیں اور ہمارے ساتھ ہی دفن ہو جاتی ہیں ۔

ہم دونوں‌ خاموش تھے ۔۔ اور ہماری خاموشی میں بہت ہی اپنا پن تھا ۔ فضاؤں میں پرندوں‌کے چہچہانے کی مختلف بولیاں‌ رچی بسی تھیں ۔۔ ہم آبشار کے پاس ہی پتھروں‌پر بیٹھ گئے ۔ میں اسے بتا رہی تھی کہ میرے ابا جی پرندوں‌ سے بہت محبت کرتے تھے ۔۔۔ اور وہ تو کوؤں کے لئے خاص طور پر چاول ابالنے کا کہتے کہ کوؤں کو بہت پسند ہیں ۔ وہ یہ بھی کہتے چھت پر پرندوں کو دانہ ڈالو ۔۔ پانی ڈالو۔ یہ خدمت ہے بیٹی آپ انکے رزق کی فکر کرو ۔۔ رازق تمہارا رزق بڑھائے گا۔ جیسے تم اپنی بالکونی میں پرندوں کے لئے دانہ رکھتی ہو اور پانی بھی ۔۔ جورجینا مسکرا رہی تھی ۔۔ میں نے اسے بتا رکھا تھا کہ میرے جنت مکانی ابا جی نور پور میں‌جہاں‌آرام فرماتے ہیں‌ وہاں پر جمعہ کے دن لنگر تقسیم کیا جاتا ہے ۔۔ کھانا کھلانے سے برکتیں جو بڑھتی ہیں ۔

میرے ابا جی پرندوں‌ سے بہت محبت کرتے تھے

جورجینا بہت محویت سے سن رہی تھی ۔۔اسے ابا جی کی باتیں بہت اچھی لگا کرتی تھیں ۔ ابا جی نے ایکبار بتایا تھا ۔۔ایک درویش کے پاس سائل نے تنگی رزق کی شکایت کی تو انہوں نے فرمایا 1000 مخلوق کو کھانا کھلاؤ ، اس نے کہا سرکار میں تنگدستی کا رونا رو رہا ہوں اور آپ ایک ہزار لوگوں‌کو کھانا کھلانے کی بات کر رہے ہیں۔۔ انہوں نے فرمایا ایک مٹھی چاول کیڑوں کو ڈال دو ۔۔۔ یہ 1000 مخلوق کیڑے ، اللہ کی مخلوق ہیں ، وہ کھائیں گے تو تمہارے رزق میں وسعت آجائے گی ۔۔
جورجینا کی آنکھوں‌ میں حیرت تھی ۔۔
ابا جی کہتے تھے کہ آپ اللہ کے دیے سے دینا سیکھیں۔۔۔۔ تھوڑے کے مالک ہیں زیادہ کی فکر نہ کریں ۔۔۔
بس خدمت کریں۔۔۔خدمت
جورجینا ہمیں اللہ نے اپنی مخلوق کی خدمت کے لئے پیدا کیا ہے ۔۔۔ اور سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ جو نعمت ہمارے پاس ہے اُسے بانٹنا شروع کردیں ۔۔ یہ نعمتوں کے شکرانے کا بہترین طریقہ ہے ۔۔۔ وہ نعمت چاہے علم ہو ، رزق ہو یہاں تک کہ اچھی سوچ ہی کیوں نہ ہو ۔۔اسے بھی دوسروں تک پہنچانا مخلوق خدا کی خدمت اور خالق کا شکر ہے ۔۔ میرے اباجی عمل کی تصویر تھے ۔

کاش میں‌ تمہارے ابا جی سے مل سکتی ۔۔۔ جورجینا اور میں‌اب پتھروں‌سے اٹھ کر ایک کھلی روش پر چل رہے تھے ۔۔ جو جھیل تک جاتی تھی
جب تم اچھی ہو جاؤگی ۔۔ مجھے پاکستان لے کر چلنا ۔۔ ابا جی کے گھر میں رہیں گے ۔۔ جورجینا کی خواہش پر میرا روم روم آمین میں‌ڈھل گیا
ہواوں‌میں خنکی اتر آئی تھی لیکن انتہائی پاکیزہ اور خوشبودار ہواؤں نے ہمیں لپیٹ رکھا تھا۔
جورجینا دیکھو ۔۔ درخت ہی کیا گھاس تک ہواؤں کے سنگ لہرا رہی ہے ۔۔ میرے اباجی کہا کرتے تھے کہ درخت سب سے زیادہ خدا وند قدوس اور محبوب کریم کا ذکر کرتے ہیں۔جب ہوا چلتی ہے تو سمجھو یہ خوشی سے جھوم جھوم کر ذکر خدا کر رہے ہیں۔ جیسے ہم میں سے اکثر لوگ ہل ہل کر تسبیح پڑھتے ہیں۔۔۔ بلکل ایسے ہی ۔۔ میں ہنس دی ۔۔ تمہیں یاد ہے میں نے تمہیں بتایا تھاکہ 2015 میں جب میں چایئنہ گئی تھی میں نے خود درختوں کی سرگوشیوں میں حمد سنی تھی ۔۔

اباجی کہا کرتے تھے کہ درخت سب سے زیادہ خداوند قدوس اور محبوب کریم کا ذکر کرتے ہیں

پھل، شجر، ہجر، زمین میں کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں خدا اور محبوب خدا کا ذکر نہ ہو رہا ہو۔ میرے ابا جی کہتے تھے کہ جب پتے ذکر کرنا چھوڑ دیتے ہیں تو وہ زرد ہو کر گر جاتے ہیں ۔۔۔ انہوں نے ہمیں‌بتایا کہ کسی کے گھر کے باہر لگی کیاری میں پھول پودے گھر کے حالات بتا دیتے ہیں ۔۔اس لیئے ان کی خدمت کرو ۔۔ ان سے پیار کرو ۔۔پھول، رنگ، زمین،پہاڑ سب اللہ کی تخلیق ہے ۔۔ آپ اس میں سے کسی ایک کی دل سے چاہت کریں، تعریف کریں تو وہ مالک خدا وند قدوس کی تعریف ہے ۔

شکریہ پیاری دوست جو تم مجھے یہاں لے آئی ۔۔ کتنی شفا ہے ان ہواؤں میں ۔۔ تم میرے بعد بھی ضرور آیا کرنا ۔۔ اگر میں نہ بھی رہوں تو ہم روحانی دوست رہیں گے ۔۔ جیسے فون پر ہم ایک دوسر سے باتیں کرتے ہیں تو وائی فائی پر کرتے ہیں ۔۔ جیسے دنیا کا وائی فائی سسٹم ہے ، اسی طرح سے یونیورس کا بھی اپنا وائی فائی سسٹم ہے ۔۔۔ تم جب بھی مجھ سے بات کرنا چاہوگی میں ضررو تم تک پہنچ جاؤں گی ۔۔۔ یونیورس کا وائی فائی خراب موسموں میں بھی کال ڈراپ نہیں‌ ہونے دیتا۔

جورجینا نے مجھے گلے سے لگا لیا ۔۔۔ مجھے غور سے دیکھا اور کہا ۔۔۔ نسیم تمہارا یہ روپ کچھ اور ہے ۔۔ کیا کوئی اتنامطمئن اور پرسکون بھی ہو سکتا ہے ۔۔ کیسے بھلا ؟
اب ہم دونوں بنچ پر بیٹھ چکے تھے ۔۔ وقت شام کی طرف بڑھ رہا تھا ۔
میری دوست جب ہم اللہ کی رضا پر راضی ہو جاتے ہیں ۔۔ تو ایسا ہی سکون دل میں‌بس جاتا ہے ۔۔۔
سوچو میں کتنی خوش نصیب ہوں میری بیماری کا علاج ہے
میں‌ اپنے علاج کو افورڈ کر سکتی ہوں
میں نے گریس فلی مرنے کے فیصلہ کر لیا ہے ۔۔ جورجینا نے چونک کر مجھے دیکھا ۔۔ کیا مطلب ہے اس کا ۔۔
یعنی
NO CPR AND NO VENTILATOR MORE THAN REQUIRED
میرے جواب پر جورجینا کی حیرت بجا تھی ۔
لیکن ۔۔۔ کیا فرق پڑتا ہے جورجینا آج مریں یا کل ۔۔ ہم سب ہی تو قطار میں لگے ہیں ۔۔۔
لیکن کتنی حیرت کی بات ہے اس قطارکو صرف خود کشی کرنے والے ہی توڑتے ہیں ۔۔۔ کتنی جلدی ہوتی ہے ان کو جانے کی ۔۔۔ کاش وہ جلدی نہ کیا کریں‌۔۔

میں اکثر سوچتی ہوں‌ جورجینا کہ جب ہمارا خدا حیات و ممات کا مالک ہے ۔ ہر انسان کی عمر کتنی ہوگی ۔۔کس جگہ پر اور کیسے مرے گا ۔۔یہ بھی اسی نے طے کیا ہے تو پھر خود کشی حرام کیسے ہوئی ۔۔ایک دن بہت سوچا ۔۔بہت سوچا ۔ تو سمجھ آیا کہ خودکشی دراصل ناشکری ہے جو خدا کو پسند نہیں ۔۔ اور یہ بھی کہ زیادہ تر خودکشیاں حادثاتی ہوتی ہیں۔ کوئی مرنا نہیں چاہتا ۔ بس ایک ہی لمحہ یاسیت کا انہیں مار دیتا ہے۔۔۔ تو اس کا مطلب ہوا خدا پاک کو اس سے نا امید ہونا بھی پسند نہیں ہے ۔۔اس طرح‌تو نا شکری اور نا امیدی حرام ہی ہوئیں‌ ۔۔ اپنی قطارمیں رہ کر انتظار کرنا ہی رب سے وفاداری ہے ۔۔

میری بات یاد رکھنا جورجینا ۔۔ تمہارا میرا رب ایک ہی ہے ۔۔۔ اسی نے ہم کو الگ اور منفرد کیا ہے شاید کوئی اس کی دنیا کو بچا لے ۔۔۔۔ اداس نہ رہا کرو دوست ۔۔ اپنی مشکلات کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اس کا مقابلہ کرنا ۔۔ کوشش کر کے درست فیصلے کرنا ، چاہے وہ دل کے کتنے ہی خلاف کیوں نہ ہوں ۔ تمہیں معلوم ہے جورجینا ۔۔روح‌ کا دل جب اس دنیا سے اچاٹ‌ ہوجاتا ہے تو وہ جسم کی قبر سے نکل جاتی ہے ۔۔ تمہیں‌ اپنے جسم اور روح کی حفاطت کرنی ہے ۔۔۔ اور یہ بھی سوچنا ہے کیا ہم یونیورس کو بچانے میں اپنا حصہ ڈال پائے ۔۔ ہمارے پاس وقت ایک مہلت کی طرح ہے ۔

جورجینا خاموشی سی سگریٹ پی رہی تھی ۔۔۔ آج اس نے بہت کم بات کی تھی ۔۔ اس کی آنکھوں‌میں اعتبار اور پیار ایک ساتھ ہلکورے لے رہا تھا۔
چلتے ہیں اب ۔۔ مجھے شام کو میڈیٹیشن کی کلاس میں جانا ہے ۔۔۔ مالی سے ملنا بہت ضروری ہے ۔۔
اوہ یس ۔۔۔۔ لیٹس گو
جورجینا ۔۔ مائی فرینڈ آئی لو یو ۔۔۔۔ مجھے معاف کر دینا جو اگر کبھی تم کو مجھ سے شکایت ہو ۔۔ پلیز ۔۔میں نے اسے گلے سے لگاتے ہوئے کہا ۔
واپس آئی تو مل کر دوستی کی پرانی بنیادوں پر نئی عمارت بنایئں گے ۔۔
انشاللہ ۔۔جورجینا نے بے اختیار کہا
لو یو مائی ڈیئر فرینڈ‌
لو یو ڈاکٹر نسیم
کبھی بھی ضرورت پڑی مجھے پکارلینا ۔۔جورجینا کی آنکھیں‌پرنم تھیں‌
آئی ول ۔۔ میری آنکھوں میں نئے عزم کی جوت جل رہی تھی جس کی گرمی میں اپنے چہرے پر محسوس کر سکتی تھی
ہم دونوں‌ وائلی پارک سے باہر نکل آئے ۔۔اور

جاری ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

LEAVE A REPLY