اقوام متحدہ کی عالمی ثقافتی ورثے کے تحفظ کی تنظیم یونیسکو نے کہا ہے کہ وینس کو خطرے سے دوچار عالمی ثقافتی مقامات کی فہرست میں شامل کیا جانا چاہیے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یونیسکو کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشہور اطالوی شہر وینس کو بے تحاشہ سیاحت، حد سے زیادہ ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سمندر کی سطح میں اضافے سے ’ناقابل تلافی‘ نقصان کا خطرہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق خطرے سے دوچار وینس کو عالمی ثقافتی مقامات کی فہرست میں شامل کیا جانا چاہیے جس کا مقصد مستقبل کیلئے اس شہر کو بہتر تحفظ فراہم کرنا ہے۔
وینس میونسپیلٹی کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وینس یونیسکو کی تجویز پر غورکرے گا اور اس معاملے پر اطالوی حکومت سے بھی بات کی جائے گی۔
یونیسکو کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے سب سے خوبصورت شہروں میں سے ایک وینس اس وقت خطرے سے دوچار ہے اور اس کی وجہ اسٹریٹجک وژن کی کمی ہے جس کا ذمہ دار اطالوی حکام کو ٹھہرایا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکام کی عدم توجہ کے باعث تاریخی شہر اور آس پاس کی جھیلوں کی حفاظت نہ ہوسکی اور اس کی ناکامی کا الزام حکام پر لگایا جارہا ہے جو ان کیلئے ایک دھچکا ہے۔
بین الاقوامی ثقافتی ورثہ ایجنسی زمین پر سب سے مہنگی اور بیکار تنظیموں میں سے ایک ہے میئر
تاہم وینس کے سابق میئرز میں سے ایک نے بین الاقوامی ثقافتی ورثہ ایجنسی پر الزام لگایا ہے کہ وہ “زمین پر سب سے مہنگی اور بیکار تنظیموں میں سے ایک ہے۔”
سابق میئر Massimo Cacciari نے کہا کہ یونیسکو “بغیر علم کے فیصلے” اور “بائیں اور دائیں رائے دیتا ہے، جسے ہم نظر انداز کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “وہ ہمیں تبدیلیاں کرنے کیلئے فنڈز نہیں دیتے، یہ صرف تنقید ہی کرتے ہیں، گویا وینس کو عالمی ثقافتی ورثہ بنانے کے لیے یونیسکو کی ضرورت تھی! ہمیں زیادہ عمل اور کم الفاظ کی ضرورت ہے۔











