ترک حکام نے باضابطہ طور پر اپوزیشن کے معتبر اخبار جمہوریت کے نو اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان میں عملے کے اراکین کے علاوہ صحافی بھی شامل ہیں۔ اب ان افراد کو دہشت گردی کی دفعات کا سامنا ہے۔ جمہوریت اخبار کے ایڈیٹر انچیف مراد سابانچُو کو پیر کے روز پولیس نے اپنی تحویل میں لیا تھا لیکن اب اُن کی گرفتاری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
ترکی کی پرائیویٹ نیوز ایجنسی ڈوگان ک مطابق معروف کارٹونسٹ موسیٰ کارد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترکی میں جولائی کی ناکام بغاوت کے بعد سے 165 ذرائع ابلاغ کے ادارے بند کرنے کے علاوہ 100 سے زائد صحافیوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ بائیں بازو کا یہ اخبار سن 1924 میں قائم کیا گیا تھا۔












