لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو جلاؤ گھراؤ کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
ملزمان کے خلاف لاہور کے تھانہ سرور روڈ اور شاد مان پولیس نے مقدمات درج کرائے تھے۔ منگل کو عدالت میں سماعت کے دوران فاضل جج نے فردِ جرم پڑھ کر سنائی۔
عدالت نے ملزمان کا جیل ٹرائل بھی کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔
گزشتہ برس نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج اور مظاہرے کیے تھے۔ کئی شہروں میں ہجوم نے فوجی تنصیبات سمیت کئی سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔ بعدازاں ملک بھر میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت کارکنوں پر جلاؤ گھیراؤ اور قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے مقدمات درج ہوئے تھے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ایسے موقع پر فردِ جرم عائد ہوئی ہے جب وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 لاہور سے انتخاب بھی لڑ رہی ہیں۔ ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے ہے













