پاک وطن میں آج کل کرپشن کا بڑا غوغا ہے صبح سویرے اخبارات اٹھائیں تو صفحات کے صفحات کرپشن کی داستانوں سے بھرے ملیں گے شام کے اوقات میں کوئی بھی ٹیلی ویژن چینل ٹیون کر کے دیکھ لیں ٹاک شوز میں موجود محترم مہمان ایک دوسرے کی کرپشن کی داستانیں سناتے پائے جائیں گے۔ کبھی کسی فالودے والے کا ذکر خیر ہو رہا ہو گا تو کبھی کسی رہڑی والے کا ۔ زندہ تو زندہ برسوں پہلے اس جہان فانی سے کوچ کر جانے والوں کے بنک اکاونٹ سے کروڑوں، اربوں روپے جھانک جھانک کر ہمارا منہ چڑھا رہے ہیں ۔وزیر اعظم ہیں کہ کشکول ہاتھ میں لئے کبھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کبھی دوست ممالک سے مانگتے ہوئے کرپشن کے باعث خالی ہونے والے خزانے کا رونا روتے سنائی دیتے ہیں وزرا ہیں کہ اپنی کارکردگی پر قطعا کوئی توجہ نہیں بس داستان ماضی سنا سنا کر قوم کو بے حال کیئے دے رہے ہیں ۔ اس تمام صورت حال کو دیکھ کر دل چاہتا ہے کہ اپنے گریبان میں بھی جھانک کر دیکھ لیا جائے۔
اپنے گریبان میں جھانکتےہوئے جب اسکول اور کالج کے ایام پر ذہن جاتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ کرپشن (اخلاقی بگاڑ، دھوکہ دہی) اسی دور میں جڑ پکڑنا شروع ہو گیا تھا ۔ اسکول کالج میں پڑھائی کی طرف توجہ سرسری اور دیگر سرگرمیوں میں دلچسپی کی انتہا۔ گھر میں والدین کے توجہ دلانے پر کتاب کھول کے بیٹھ جانا مگر کتاب کے اندر چھپائی ہوئی ابن صفی کی عمران سیریز کا مطالعہ کرتے ہوئے والدین کو دھوکہ دینا کہ اس وقت اتنی سوجھ بوجھ نہ تھی کہ دھوکہ تو اپنے آپ کو دیا جا رہا ہے وہ وقت جو تعلیم کے لئے وقف ہونا چاہیے تھا عمران سیریز اور دیگر سرگرمیوں کی نظر ہو گیا جس کا نقصان آج تک ہو رہا ہے کہ زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے مگر کرپشن کا پودا پوری آب و تاب کے ساتھ پروان چڑھتا گیا۔
اسکول اور کالج پیچھے رہ گئے زندگی دھکا دیتے ہوئے عملی میدان میں لے آئی ۔ سرکار کی نوکری مل گئی موجیں شروع ہو گئیں آٹھ بجے دفتر کا آغاز صاحب بہادر سرکار پر احسان عظیم فرماتے ہوئے دس بجے دفتر پہنچ جاتے اخبار کا مطالعہ فرماتے چائے کا ایک آدھ کپ اپنی بڑھتی ہوئی توند کے اندر ڈالتے ساتھیوں سے گپ شپ لگاتے ایڈمن آفیسر کے لئے لایا ہوا تحفہ ان کے حوالے کرتے دو بجے گھر پہنچ جاتے حالانکہ چھٹی کا وقت چار بجے ہوا کرتا تھا دفتر میں موجودگی کے دوران دفتر کے ٹیلی فون کا بے دریغ استعمال، سرکاری اسٹیشنری کو ذاتی استعمال کے لئے گھر لے آنا مخلوق خدا کے وہ کام جو دس منٹ میں ہو سکتے تھے انہیں دس دس دن تک لٹکائے رکھنا یہ تمام ملازمت کے دوران معمول رہا ہاں تنخواہ پوری کی پوری پہلی کی پہلی وصول کرنا کبھی نہیں بھولے ۔ یہ سب تو ہم سب کرتے ہیں نا اگر اسے بھی آپ کرپشن میں شمار کرنا چاہیں تو کر لیں ہمارا کیا جاتا ہے۔
گریبان کو مزید کھول کر جھانک لیتے ہیں کہ ایک جنرل اسٹور کی صورت میں کاروبار کا آغاز ہو گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی کرپشن اپنی انتہاوں تک پہنچنے لگی زائد المعیاد اشیاء سے تاریخیں مٹا کر فروخت جاری رہی۔ آٹے، چینی، چائے، مرچ مصالحہ جات غرض کوئی چیز ایسی نہ بچی جس میں ملاوٹ نہ کی گئی پاس پڑوس کے دکاندار بھائیوں پر نظر رکھی تو معلوم ہوا کہ وہ بھی اپنے ہی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کوئی دو نمبر دوائیں فروخت کر رہا ہے تو کوئی پنکھے یا موٹر کی ری وائینڈنگ کے لئے کاپر کے پیسے وصول کر کے سلور کی تاریں ڈالنے میں ماہر ہے ۔ کوئی گوشت کا وزن بڑھانے کے لئے بکرے میں پانی بھر بھر بیچتا ہے تو کوئی یہی پانی چینی کی بوری کو لگا کے اس کا وزن بڑھا لیتا ہے۔ پھل فروش ہر چار صاف دانوں کے بعد ایک داغدار دانہ اس مہارت سے شاپر میں ڈالتا ہے کہ آپ اسے لاکھ کوشش کے باوجود پکڑ نہیں پاتے۔ ناپ تول میں ہیر پھیر تو ہمارے لئے معمولی بات ہے ۔جانوروں کی آلائیشوں سے تیار شدہ گھی اور تیل آج ہر گھر میں استعمال ہوتا ہے ۔ سرخی پاؤڈر اور کریمیں دو نمبری کی وجہ سے اب بناو سنگھار کی بجائے بگاڑ کا باعث بن رہی ہیں ۔ اور تو اور میری دکان کے سامنے بننے والی سڑک آٹھ انچ موٹائی کی جگہ چھ انچ بنا دی گئی ٹھیکیدار نے نہ صرف ورق آرڈر کی دھجیاں اڑائیں بلکہ میرا مذاق بھی اڑایا اور بولا جو کرنا ہے کر لو حصہ بقدر جسہ اوپر تک جائے گا۔
یہ تو ہیں زمینی حقائق اور معروضی حالات ۔ ادھر میرے وزیر اعظم ہیں کہ ابھی تک اپوزیشن لیڈر بنے ہوئے ہیں پریس کانفرنس ہو یا قوم سے خطاب وہی رٹی رٹائی تقریر جو ہر پاکستانی 2011 سے سن رہا ہے کسی کو نہیں چھوڑوں گا کرپشن نے ملک کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا ہے تمام کرپٹ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے کوئی مجھ سے این آر او کی توقع نہ رکھے ۔ حالانکہ آپ کے عطا کردہ این آر او سے جہانگیر ترین، فہمیدہ مرزا ، زبیدہ جلال اور پرویز الہی کے ساتھ ساتھ دیگر کئی بھی مستفید ہو رہے ہیں مجبوری ہے آپ کی کہ اگر یہ لوگ آپ کا ساتھ نہ دیں تو آپ کی بیساکھیوں کے سہارے کھڑی حکومت دھڑام سے گر جائے اور آپ ایک بار پھر کنٹینر پر ہوں ۔ ویسے بھی احتساب کے لئے ادارے موجود ہیں اور انصاف کے لئے عدالتیں تو پھر آپ کا بار بار یہ دھرانا کہ نہیں چھوڑوں گا کیا معنی رکھتا ہے کیا یہ سمجھا جائے کہ سب آپ کے زیر اثر ہیں اور سب کچھ ایک ملی بھگت کے نتیجے میں ظہور پذیر ہو رہا ہے۔ حالانکہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ اداروں کو مضبوط بنایا جائے اور انہیں آزادانہ کام کرنے کا موقع دیا جائے اگر ایسا ہو جائے تو پھر آپ کو نہیں چھوڑوں گا ،نہیں چھوڑوں گا کی گردان کی ضرورت نہیں رہے گی اوپر سے نیچے تک سب کا احتساب ہو سکے گا اور خواص کے ساتھ ساتھ مجھ جیسے عام عوام بھی اداروں کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے کہ کرپٹ تو میں بھی ہوں۔۔۔!













