آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ترقیاتی کام جنوری کے وسط تک مکمل ہوجائے گا۔

اسٹیڈیم میں تعمیر ہونے والی نئی بلڈنگ کا انفرا اسٹرکچر اگلے 10 روز میں مکمل ہوگا جبکہ فنشنگ ٹچز میں مزید 2 سے 3 ہفتے لگیں گے، جنوری میں کام جاری رہنے کی وجہ سے 16 جنوری سے شروع ہونے والا ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ دوسرے شہر منتقل کرنا پڑ سکتا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ شب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا ۔

چیئرمین پی سی بی نے بلڈنگ کے فنشنگ ورک کا جائزہ لیا اور مختلف فلورز پر جاری کاموں کا معائنہ کیا ۔

انہوں نےاسکور اسکرینز اور ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بلڈنگ جنوری میں تیار ہوجائے گی، جنوری میں کام جاری رہے گا جس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ دوسرے وینیو منتقل کرنا پڑ سکتا ہے تاہم چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ فریقی سیریز کے میچز کراچی میں ہوں گے تاکہ نئی سہولیات کی آزمائش بھی ہوسکے۔

SHARE

LEAVE A REPLY