عام آدمی پارٹی نے نئی دہلی کے بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کو شکست فاش سے دوچار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) میں گزشتہ 15 سال سے حکومت کرنے والی بی جے پی کا صفایا ہو گیا ہے اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق عام آدمی پارٹی نے دہلی میونسپل کارپوریشن کی 250 میں سے 134 سیٹیں جیت لی ہیں۔
دوسری جانب بی جے پی نے 104، کانگریس نے 9 اور آزاد امیدواروں نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
نئی دہلی کے بلدیاتی اداروں میں بی جے پی 15 برس سے اکثریت میں تھی تاہم اب دارالحکومت اس کے ہاتھ سے نکل گیا ہے۔
ایم سی ڈی انتخابات میں اس بار کانگریس کی کارکردگی پچھلے انتخابات کے مقابلے سے بھی بہت خراب رہی۔ اس بار پارٹی کے صرف 9 امیدوار کامیاب ہو سکے جبکہ گزشتہ انتخابات میں کانگریس نے 30 وارڈوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔
نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایم سی ڈی میں عام آدمی پارٹی کی جیت پر دہلی کے لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔
پارٹی دفتر کے باہر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے لوگوں نے دہلی کی صفائی اور کرپشن ختم کرنے کی ذمہ داری اپنے بیٹے اور بھائی کو سونپی ہے۔












