جے یو آئی نے سینیٹ میں کالعدم ٹی ایل پی معاہدے سے متعلق قرارداد جمع کروا دی

0
1377

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضی نے سینیٹ میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) معاہدے سے متعلق قرارداد جمع کروا دی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدے کا معاملہ سینٹ تک پہنچ گیا، جمعیت علماء اسلام کے سینیٹر کامران مرتضی نے سینٹ میں معاہدے سے متعلق قرارداد جمع کروادی۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان کن شرائط پر معاہدہ ہوا، حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان ہونے والے معاہدے پر سینیٹ میں بحث کروائی جائے، حکومت معاہدے کرلیتی ہے جن پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں قوم کو اذیت کا سامناکرنا پڑتا ہے، معاملے پر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے۔

…………………..

حکومت اورکالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔

حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان معاہدے کے بعد پنجاب بھر سے گرفتار 860 افراد کو رہا کردیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سعد رضوی کی رہائی کے خلاف پنجاب حکومت کی جانب سے دائراپیل واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہےکہ جن افراد کے خلاف کیسز نہیں تھے انہیں رہا کردیا گیا ہے اور جن افراد کے خلاف کیسز ہیں ان کو رہا نہیں کیا جارہا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے معاہدے پر قانونی ٹیم کا اجلاس بلالیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کالعدم ٹی ایل پی سے حکومتی معاہدے پر وزیر قانون فروغ نسیم اور قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم حکومت سے کالعدم تنظیم کے مطالبات پر قانونی رائے سے آگاہ کرے گی۔

,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,

حکومت اور کالعدم تنظیم کے معاہدے کے بعد لاہور سے پنڈی کے درمیان دریائے جہلم کے پلوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔

سرائے عالمگیر اور جہلم کے درمیان ٹریفک بحال ہو گئی ہے تاہم وزیر آباد اور گجرات کے درمیان چناب کا پل بدستور بند ہے۔

وزیر آباد، گجرات اور گوجرانوالا میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے، کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے مظاہرین آج پانچویں روز بھی وزیر آباد میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ کالعدم تنظیم کے کارکنان کی جانب سے دیے جانے والے دھرنے کے سبب گوجرانوالا اور وزیرآباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نظام زندگی مفلوج رہا۔

حکومت سے معاہدے کے بعد مظاہرین نے سامان باندھ لیا ہے اور واپس اپنے شہروں کی جانب روانگی کی تیاری کررہے ہیں۔

,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,

کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی اور ان کے بھائی انس رضوی سمیت سیکڑوں مظاہرین کےخلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ اور دیگر مظاہرین کے خلاف وزیرآباد کے تھانہ صدر اور تھانہ سٹی میں مقدمات درج کیے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وزیر آباد میں درج مقدمات میں 207 نامزد اور 600 نامعلوم ملزمان شامل ہیں جبکہ مقدمات میں سعد رضوی، اس کا بھائی انس رضوی اور رکن سندھ اسمبلی قاسم فخری بھی نامزد ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمات میں روڈ بلاک کرنے اور لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کے الزامات ہیں جبکہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔

ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت کالعدم تنظیم آئندہ کسی لانگ مارچ یا دھرنے سے گریز کرےگی اور آئندہ بطور سیاسی جماعت سیاسی دھارے میں شریک ہوگی۔

اس کے علاوہ معاہدےکے بعدکالعدم تنظیم کے مظاہرین نےجی ٹی روڈ خالی کردیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY