وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے اپنے دو وزرا کو بھیجنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کو مثبت قرار دیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے امن کے قدم پر بھارتی جواب مثبت ہے۔

وزیرعظم عمران خان 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے جو بھارتی ضلع گورداسپور کے ڈیرا بابا نانک کو پاکستان میں گوردوارا کرتارپور صاحب سے منسلک کرے گا اور بھارتی سکھوں کو یہاں تک پہنچنے کے لیے ویزا فری رسائی ہوگی۔

یاد رہے کہ رواں سال اگست میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سکھ یاتریوں کے لیے اس سرحد کو ویزا فری کرنے کے منصوبے کی بحالی کی تجویز دی تھی جو 1988 سے دونوں ممالک کے درمیاں کشیدہ تعلقات کے باعث تعطل کا شکار تھا۔

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی تاہم انہوں نے ذاتی مصروفیات کے باعث معذرت کی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY