ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر دوہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ترک صدر کا اپنے ٹیلی وژن خطاب میں کہنا تھا کہ ترکی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران انسانی حقوق کا دفاع کرنے والے اب فرانس کے حوالے سے کیوں خاموش ہو گئے ہیں؟
قبل ازیں ہفتے کے روز بھی ترک صدر نے فرانسیسی پولیس کی طرف سے مظاہرین کے خلاف تشدد کو ’غیر مناسب تشدد‘ قرار دیا تھا۔ فرانسیسی وزارت صحت نے ترک صدر کے اس بیان کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ یہ ان کے ’اندرونی معاملات میں مداخلت‘ ہے۔ یاد رہے کہ انقرہ حکومت کے مغربی اتحادی اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے اکثر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں جبکہ انسانی حقوق کی سرگرم تنظیمیں بھی ترک حکومت پر تنقید کرتی رہتی ہیں۔












