وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ناراض بھائیوں کو دونوں ہاتھوں سے گلے لگائیں گے، منطور پشتین ہتھیار ڈال دیں خود گلے لگاؤں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ ریاست کے خلاف جانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی، انتہا پسندی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان قومی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کے دشمن نوجوانوں کو نشانہ بنارہے ہیں، دشمن نوجوانوں کو رنگ و نسل کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرتارپور بارڈر کھولنا امن اور انسانیت کی لازوال داستان ہے، وزیراعظم نے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنے کی ہدایت کی، گلگت بلتستان کی محرومیاں دور کریں گے، جنوبی پنجاب کو محرومیاں دینے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔












