سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران نون لیگی رہنما افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر کو فوری طلب کر لیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ کون ہے افضل کھوکھر؟
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل امتیازکیفی نے جواب دیا کہ افضل کھوکھر لیگی ایم این اے ہیں۔
ایل ڈی اے سٹی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں ہوئی جس کے دوران عدالت نے ایف آئی اے کو لیگی ایم پی اے کی جائیداد کا ریکارڈ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔
چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے از خود نوٹس کی سماعت کی، چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بلائیں انہیں، اگر نہیں آتے تو ایس ایس پی کو کہیں انہیں پیش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن شپ میں بہت سی شکایات مل رہی ہیں، ہم نے وہاں پر کیمپ بھی لگوایا تھا، لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے۔












