قاتلانہ حملے میں جاں بحق ایم کیو ایم کے سابق ایم این اے علی رضا عابدی کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا، انہیں انتہائی قریب سے 3 گولیاں ماری گئیں، ایک گولی سینے، کندھے اور ایک کمر میں لگی. علی رضاعابدی گذشتہ شب اپنے گھر کے باہر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے تھے. مرحوم کی آج نماز جنازہ بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی.
علی رضا عابدی کی میت جناح ہسپتال سے امام بارگاہ یثرب منتقل کر دی گئی جہاں نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا، انہیں موٹرسائیکل پر سوار 2 ٹارگٹ کلرز نے اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے دوران 3 گولیاں ان کے جسم کے آر پار ہو کر ہلاکت کا باعث بنیں۔ ایک گولی سینے، کندھے اور تیسری کمر میں لگی۔ انھیں انتہائی قریب سے گولیاں ماری گئیں اور ٹارگٹ کلرز نے چند سیکنڈز میں اپنی کارروائی مکمل کی اور فرار ہو گئے۔
علی رضا عابدی کا پوسٹ مارٹم جناح ہسپتال کراچی میں کیا گیا جس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ان کو تین گولیاں سینے، گردن اور کندھے میں لگیں علی رضا عابدی پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس کے مطابق علی رضا عابدی کو ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا گیا جس میں ملزموں کو واضح پر طور دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک حملہ آور نے ہیلمٹ اور دوسرے نے ٹوپی پہنی تھی، موٹر سائیکل پرسوار دو حملہ آور وں نے گاڑی کا تعاقب کیا۔ علی رضا عابدی کی گاڑی رکتے ہی ایک حملہ آور نے 3 فائر کر دیئے۔ انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے 10 سیکنڈ کے اندر کارروائی مکمل کی، انہوں نے بتایا ملزم انتہائی تربیت یافتہ تھے ملزم علی رضا عابدی کا تعاقب کر رہے تھے، گاڑی رکتے ہی ڈرائیور سائیڈ سے فائرنگ کر دی اور کارروائی کرکے فرار ہو گئے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے تین خول برآمد ہوئے، جس گاڑی میں علی رضا عابدی سوار تھے اسی میں انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن طارق دھاریجو کے مطابق علی رضا عابدی گاڑی میں اکیلے سفر کر رہے تھے۔ کرائم سین سے شواہد جمع کر لئے۔ عینی شاہد کی بھی تلاش ہے۔
واقعے کے بعد سندھ حکومت نے ایم کیوایم پاکستان کے دفاتر کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے خصوصی اقدامات بھی کر لیے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم کی قیادت کے علاوہ ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی علی رضاعابدی پر قاتلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، انکا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملہ شہر کا امن خراب کرنے کی سازش ہے، انہوں نے کراچی میں دہشت گردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ تین دن قبل بھی شہرِ قائد کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل اور2کو زخمی کر دیا تھا۔













