بھارت: احمد آباد بم دھماکوں میں ملوث 38 افراد کو سزائے موت کا حکم

0
835

بھارت کی ریاست گجرات کی ایک عدالت نے 2008 میں احمد آباد میں ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث 38 افراد کو سزائے موت جب کہ 11 کو تادمِ مرگ عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔

جمعے کو خصوصی عدالت کے جج اے آر پٹیل نے فیصلہ سناتے ہوئے بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو ایک ایک لاکھ جب کہ زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے دینے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے مجرموں کو دو لاکھ 85 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔

یہ پہلا موقع ہے جب بھارت کی کسی عدالت نے ایک کیس میں اتنے زیادہ افراد کو بیک وقت سزائے موت سنائی ہے۔ یہ سزا غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد سے متعلق قانون یو اے پی اے اور تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت سنائی گئی ہے۔

فیصلہ سنائے جانے کے وقت تمام ملزمان ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے عدالت میں موجود تھے۔

یاد رہے کہ 26 جولائی 2008 کو احمد آباد کے مختلف مقامات پر 70 منٹ کے دوران 22 بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 56 افراد ہلاک اور 200 زخمی ہو گئے تھے۔ یہ دھماکے ایک سرکاری اسپتال سمیت بسوں، گاڑیوں اور سائیکل اسٹینڈز پر کیے گئے تھے اور اس وقت ایک غیر معروف تنظیم انڈین مجاہدین (آئی ایم) نے ان دھماکوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY