اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکے کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 18 فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے غیر قانونی ٹھیکہ ریفرنس پر سماعت کی۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی عدالت میں پیش ہوئے اور فرد جرم عائد ہونے تک حاضری سے استثنا دینے کی استدعا کی۔
ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کو چھ سے بارہ فروری تک بیرون ملک جانا ہے، جب فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ آئے گی تو عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔
جج ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ چاہتے تھے فرد جرم عائد ہونے کے بعد استثنا کی درخواست دیکھ لیتے۔ فرد جرم کے لیے بارہ فروری کے بعد کی تاریخ رکھ لیتے ہیں۔
شریک ملزم انعام الحق کراچی میں ایک اور ریفرنس میں قید ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکا۔ عدالت نے نیب کو کراچی جا کر آئندہ سماعت پر ملزم کو اسلام آباد میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت اٹھارہ فروری تک ملتوی کر دی۔
پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ٹائم دینا چاہتی ہے کہ حکومت چلے، مگر وہ خود ہی نہیں چلنا چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری اور اپنے ایجنڈے پر عمل کرنا چاہیے کیونکہ حکومت مدت پوری کرے گی تب ہی لوگوں کو ریلیف ملے گا۔












