برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک سمیت متعدد یورپی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطے کیے ہیں۔ ٹسک نے جمعے کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مے نے بریگزٹ کے بارے میں لندن کے آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے گفتگو کی۔
برطانوی وزیر اعظم نے یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر اور ڈچ وزیر اعظم مارک رُٹے سے بھی رابطے کیے۔ ڈچ وزیر اعظم کے مطابق مے کو امید ہے کہ برطانیہ انتیس مارچ کو عملاﹰ یورپی یونین سے نکل جائے گا۔ ان یورپی رہنماؤں نے اب تک کسی نئی بریگزٹ ڈیل کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔ برطانوی پارلیمان نے گزشتہ برس نومبر میں لندن اور برسلز کے مابین طے پانے والی بریگزٹ ڈیل کو رواں ہفتے ہی مسترد کر دیا تھا۔












