الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں بحال کردیں

0
653

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن نے جنرل نشستوں پر کامیاب امیدواروں کو تحریک انصاف کا قرار دینے کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ امیدوار قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی، خیبر پختونخوا اسمبلی اور سندھ اسمبلی سے جنرل نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے۔

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں خیبر پختونخوا کی خواتین کی 5 مخصوص نشستیں بحال کردیں۔

قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو دو دو جبکہ خیبر پختونخوا کی ایک مخصوص نشست جے یو آئی (ف) کو مل گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی 11 مخصوص نشستیں بحال کردی گئی ہیں۔ 10 نشستیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو ایک مخصوص نشست مل گئی ہے۔

قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی 3 نشستیں بھی بحال کردی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو ایک ایک اقلیتی نشست مل گئی ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین کی 21 مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہیں جن میں سے جے یو آئی کو 8، ن لیگ کو 6، پیپلز پارٹی کو 5، تحریک انصاف پارلیمنٹیرین اور اے این پی کو ایک ایک مخصوص نشست مل گئی ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اقلیتوں کی 4 نشستیں بھی بحال کردی گئی ہیں جس کے بعد جے یو آئی کو 2، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو ایک ایک اقلیتی نشست مل گئی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY