وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ 10 سال سے ان کے منہ کو خون لگا ہوا تھا اپوزیشن سے وزیراعظم عمران خان کا ایوان میں آنا برداشت نہیں ہورہا ۔
لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ اپوزیشن کا ہر روز واک آؤٹ کرنا مناسب رویہ نہیں ان کی ہنگامہ آرائی ایوان کے تقدس کیخلاف ہے،اسمبلی میں شور مچانا قوم کی خدمت نہیں ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر اسپیکر کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے جس کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا گیا اسےاسمبلی میں بلایا گیا۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ داعش سے متعلق وہی ادارے بتا سکتے ہیں جو براہ راست اس پر کام کررہے ہیں ، ہمارے لیے ضروری ہے چوکس رہیں کیونکہ شدت پسندی بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منی بجٹ کو بجٹ کہنا غلط ہوگا ، یہ مراعاتی پیکیج ہے جس کی ہر طرف سے تعریف کی گئی۔
شفقت محمود نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کےاستعمال کے اعداد و شمار غلط پیش کیے گئے ،اعداد محض دو فیصد ہیں۔












