اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو ویزوں کی میعاد ختم ہونے پر پاک ترک اسکولوں کے اساتذہ کو ملک چھوڑنے کیلئے مناسب وقت فراہم کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ ترک اساتذہ کو اس سلسلے میں وزارت داخلہ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی تو پاک ترک اسکولوں کے اساتذہ کے وکیل حافظ ایس اے رحمن ایڈووکیٹ نےعدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں کے ویزوں کی میعاد ستمبر میں ختم ہونا تھی جس پر انہوں نے 22 جون کو ویزے میں توسیع کی درخواست دی جسے نہ صرف 11 نومبر کو وجہ بتائے بغیرمسترد کر دیا گیا بلکہ 14 نومبر کو وزارت داخلہ نے تین دنوں میں ملک چھوڑنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے 26 پاک ترک سکولوں میں 11 ہزار طالب علم زیر تعلیم ہیں۔ 108 ترک اساتذہ کی واپسی سے ان کے خاندان کے 400 افراد اور طلبہ کا تعلیمی سیشن متاثر ہو گااور اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان میں قیام پذیر ترک اساتذہ کے زیر تعلیم بچوں کی پڑھائی بھی متاثر ہو گی جن کا سیشن مارچ 2017 میں اختتام پذیر ہو گا۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ کم از کم تعلیمی سیشن کے اختتام تک ترک اساتذہ کے ویزوں میں توسیع اور ملک میں قیام کی اجازت دی جائے۔ اس پر فاضل جسٹس نے سٹینڈنگ کونسل چوہدری عبدالخالق تھند کو ہدایت کی کہ وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی جائے۔

کچھ دیر بعد دوبارہ سماعت کے موقع پر جسٹس عامر فاروق نے وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔بعد ازاں وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری سلمان قیوم اور ڈپٹی سیکرٹری نائلہ ظفر عدالت میں پیش ہوئیں اور فاضل جسٹس کو بتایا کہ اساتذہ کے ویزوں کی میعاد 9 ستمبر کو ختم ہو چکی ہے اوراب نومبر چل رہا ہے۔ وکیل استغاثہ نے کہا کہ انہوں نے جون اور اگست میں ویزوں میں توسیع کی درخواستیں دیں۔ وزارت داخلہ کی ڈپٹی سیکرٹری نائلہ ظفر نے کہا کہ وزارت داخلہ میں ویزوں کی میعاد میں توسیع کی مذکورہ درخواستوں کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔فاضل عدالت نے ہدایت کی کہ وزارت داخلہ سائلین کو ملک چھوڑنے کے لئے مناسب وقت دے۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست نمٹا دی

SHARE

LEAVE A REPLY