پڑوسی شر پسند ملک بھارت کی جانب سے ہونے والی جارحیت پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی اسٹیٹ سیکریٹری مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انھیں بھارت کی طرف سے ایل او سی کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیرِ خارجہ کو بھارتی شر پسندانہ کارروائی پر حکومتِ پاکستان، پارلیمنٹ اور عوامی جذبات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیرِ خارجہ نے مائیک پومپیو پر واضح کیا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر سمجھوتا نہیں کر سکتا، تاہم پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہم بھارت کے عزائم سے پہلے ہی عالمی برادری کو آگاہ کر چکے تھے، بھارت سیاسی مقاصد کے لیے خطے کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ آج پریس کانفرنس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی ہے، پاکستان اس جارحیت کا جواب دے گا۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ موجودہ صورت حال پر کل نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلایا جائے گا۔













