امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ پاک بھارت قیادت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہوں، ہماری کوشش ہے پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر لایاجائے۔
امریکی سیکریٹری خارجہ کا اپنے حالیہ بیان میں کہنا تھا کہ پاک بھارت کی قیادتوں سے مثبت گفتگو ہوئی، دونوں ممالک کی قیادت سے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی ہدایت پر گزشتہ رات بھارت اور پاکستان کی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہوں، پاک بھارت حکام خطے میں امن کے لیے سنجیدہ ہیں جس کا انہوں نے اشارہ بھی دیا۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ یقین ہےدونوں ممالک موجودہ کشیدگی کو کم کریں گے، امریکا دونوں ملکوں میں تناؤ میں کمی کے لیے مسلسل کوشش کررہا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ دونوں کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے۔
قبل ازیں امریکی صدر نے جنوبی کوریا کے حکمران کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، امید ہے خطے میں جلد امن قائم ہوگا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری کشیدگی ختم ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں، امریکا پاک بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر بغور نظر رکھا ہوا ہے جو خبریں مل رہی ہیں اُس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کشیدگی جلد ختم ہوجائے گی۔












