ایران کے صدر حسن روحانی عراق کے تین روزہ سرکاری دورے پر بغداد پہنچ گئے ہیں۔
عراقی دار الحکومت بغداد پہنچنے پر عراق کے صدر برہم صالح نے حسن روحانی کا استقبال کیا۔ بعد ازاں عراقی اور ایرانی صدور نے بغداد کے السلام صدارتی محل میں مذاکرات کئے۔
جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ صدر روحانی نے اس موقع پر کہا کہ وہ اپنی پوری توجہ عراق کے تین روزہ دورے کےدوران باہمی تعلقات کےفروغ اور تعاون بڑھانے پر مرکوز کرینگے۔
انھوں نے مزید کہا کہ انکا ملک عراق کے ساتھ تعلقات کو فراموش نہیں کرسکتا، عراق کی بحالی اور ترقی کے لئے ہر ممکن اور ہرشعبے میں تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔
اس دوران عراقی صدر نے صدر روحانی کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے صدر روحانی کے ساتھ باہمی تعاون بالخصوص توانائی، معیشت اور مقدس مقامات کی ترقی پر مذاکرات کئے۔
پریس کانفرنس کے بعد صدر روحانی نے امام موسیٰ کاظم کے روضے پر حاضری دی۔












