نیوزی لینڈ میں مساجد میں دہشت گردی کے واقعات کے خلاف کراچی کی مسیحی برادری نے پارلیمنٹیرین کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔

کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کے بعد شہداء نیوزی لینڈ کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ احتجاجی مظاہرے اور شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ، سینیٹر انور لال دین، ایم پی اے نوید انتھونی، کراچی انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے مسیحی رہنماوں جاوید یوسف، پرویز بھٹی، لارنس، ناصر سیول، بشپ خادم بھٹو، روبن شریف اور دیگر بھی شریک تھے۔

مظاہرین نیوزی لینڈ کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعہ پر مسلمانوں سے یکجہتی کے نعرے لگا رہے تھے۔مظاہرے کے شرکاء نے امن کی علامت کے طور پر سفید پرچم، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر انور لال دین نے کہا کہ سانحہ نیوزی لینڈ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ دنیا بھر سے مذہبی منافقت کے خاتمے کی ضرورت ہے۔ مظاہرین عالمی دہشت گردی نامنظور، بین الاقوامی طور پر معصوم مسلمانوں کا قتل عام بند کیا جائے کے نعرے لگا رہے تھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY