ڈونلڈ ٹرمپ جلد پاکستان کی قیادت کے ساتھ ملاقات کریں گے

0
789

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں اور وہ جلد پاکستان کی قیادت کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بیان بدھ کو اوہایو روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔

لیکن صدر نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی یہ ملاقات کب، کہاں اور کس کے ساتھ ہوگی۔ کسی اور امریکی عہدیدار نے بھی تاحال صدر کے اس بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے بھی تاحال صدر ٹرمپ کے اس بیان پر کوئی ردِ عمل اور دونوں ملکوں کی قیادت کے امکان کے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

البتہ پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان حال ہی میں یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ مثبت بات چیت کا منتظر ہے۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ خوش گوار تعلقات کا ذکر کیا ہے۔ اس سے قبل صدر نے رواں سال جنوری میں پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان کی قیادت کے ساتھ ملاقات کرنا چاہتے ہیں جو ان کے بقول جلد ہوسکتی ہے۔

صدر کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کا دعویٰ ہے کہ وہ امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان جاری مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔

اعلیٰ امریکی حکام بھی طالبان کے ساتھ رابطے ممکن بنانے میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کرچکے ہیں۔

امریکہ اور پاکستان کے تعلقات گزشتہ سال کے آغاز میں اس وقت کشیدگی کا شکار ہوگئے تھے جب صدر ٹرمپ نے پاکستان پر دہری پالیسی اختیار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اسے سکیورٹی امور کی مد میں دی جانے والی امداد روک لی تھی۔

لیکن گزشتہ سال کے اختتام پر امریکہ اور طالبان کے درمیان براہِ راست رابطہ ممکن بنانے میں پاکستان کے مبینہ کردار کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور روابط میں بہتری آئی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کم کرانے میں بھی بنیادی کردار ادا کیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY