ملائیشیا کے وزیرِاعظم مہاتیر محمد نے اپنی ملکی ترقی کا راز بتاتے ہوئے پاکستان کو تجویز دی ہے کہ اسلام آباد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے ٹیکس میں نرمی کرے۔
ایک بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دورہ پاکستان میں پر موجود ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ دولت بنانا ہی ملک کی بدحال معیشت کو بہتر کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دولت حکومت نہیں بلکہ اس کے عوام اور سرمایہ کار ہی بناتے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ اگر لوگ امیر ہوں گے تو بڑی تعداد میں ٹیکس دیں گے جسے حکومت بہتر تعلیم، صحت اور انفرا اسٹرکچر فراہم کرتے ہوئے عام لوگوں کی فلاح کے لیے خرچ کرے گی۔












