غربت کیخلاف نئی وزارت کے قیام کا فیصلہ

0
756

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غربت ختم کرنا بھی جہاد ہے،ہم ملک سے غربت ختم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لیے نئی وزارت قائم کر رہے ہیں۔

اسلام آبادمیں غربت مٹاو پروگرام ’’احساس‘‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ غربت ختم کرنے کیلیے عملی اقدامات کرنے پڑیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے نئی وزارت قائم کر رہے ہیں ۔ 57 لاکھ خواتین کیلیے سیونگ اکاؤنٹس بنا رہے ہیں،انکو موبائل فون بھی دینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کمزور، پسماندہ لوگوں کی امداد میں 80 ارب کا اضافہ کر رہے ہیں ۔

عمران خان نے کہا کہ چین نے 30 سال پہلے جو فیصلے کیے اس کی وجہ سے آج معاشی طاقت ہے،چین نے 30سال کے اندر 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا،آج ہم بھی وہی فیصلے کررہے ہیں تاکہ آگے جاکر ملک معاشی طور پر مستحکم ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 500 ڈیجیٹل حب بنا رہے ہیں،جو مختلف دیہاتوں میں کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل حب تحصیلوں اور دیہاتوں میں موجود لوگوں کی رہنمائی کریں گے جبکہ ڈیجیٹل حب سے عوام اپنے بینک اکاؤنٹس،نئی نوکریوں سےمتعلق معلومات حاصل کرسکیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ غربت مٹاؤ پروگرام میں ہم مختلف این جی اوز سے پارٹنر شپ کریں گے، جو پڑھنا چاہتے ہیں ان طالب علموں کو گرانٹ دینگے ۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن کے لیے ہم پبلک پرائیویٹ، پارٹنرشپ کرینگےجبکہ اس تحفظ پروگرام کے تحت ہم خواجہ سراؤں کی بھی ہم مدد کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں پر بچوں سے کام کروایا جاتا ہے تحفظ پروگرام کے تحت کارروائی کی جائیگی۔

عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہمارے محنت کش لوگوں کیلیے سہولتیں فراہم کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگلے 4 سال میں بیت المال10لاکھ بچیوں کی مدد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جن کو انصاف کارڈ نہیں ملے گا ان کو تحفظ پروگرام کے تحت صحت کی سہولتیں دی جائیں گی۔

عمران خان نے کہا کہ 75 فیصد کھلا دودھ جو دستیاب ہے وہ پینے کے قابل نہیں، بچوں کو کیمیکل ملا دودھ مل رہا ہے جبکہ پاکستان میں 43 فیصد بچے خوراک کی کمی کاشکار ہیں،جو کہ قوم کے بچوں کیساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دیہی خواتین کی مدد کیلیے بکریاں، دیسی مرغیاں دی جائینگی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس پروگرام میں محنت کرنے پر ڈاکٹر ثانیہ کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

عمران خان نے کہا کہ غربت کم کرنے کے لیے بہت اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پربنا۔

SHARE

LEAVE A REPLY