سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ آج سماعت کرے گا۔

آصف زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں طلبی کے 3 سمن موصول ہو چکے، مزید کتنی انکوائریاں چل رہی ہیں کچھ پتہ نہیں، نیب کسی بھی انکوائری میں گرفتار کرسکتا ہے لہذا ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا جائے۔

قبل ازیں جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری عبوری ضمانت لے چکے ہیں، واضح رہے کہ ایف آئی اے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی ایف آئی اے کی حراست میں ہیں۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ برس 6 جولائی کو آصف زرداری کے خلاف بینکنگ کورٹ میں مقدمہ دائر کیا جس میں سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے گرفتاری سے بچنے کے لیے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY