فاطمہ جناح ضلع کونسل لائبریری، شیخوپورہ، جی حسین

0
2637

عالمی اخبار کے لیئے جی حسین کی خصوصی تحریر

شیخوپورہ میونسپل کمیٹی کے بار بار “صدر بلدیہ” منتخب ہونے والے جناب محمد اقبال ڈار نے کچھ
نوجوانوں کی درخواست پر ضلعی حکومت کے خزانہ سے فنڈز جاری کرتے ہوے 1988 میں بلدیہ دفاتر، واقع مشہور ‘کمپنی باغ’ میں لائبریری عمارت کا سنگ بنیاد رکھا اور 1989 میں اس وقت کے وزیر اعلی پنجاب جناب شہباز شریف کے دست مبارک سے ،فاطمہ جناح، ضلع کونسل، لائبریری کا افتتاح کروایا۔ تب اس میں تا حیات رکنیت کے لیے 500 روپے فیس طے ہوئی جب کہ سالانہ بنیادوں پر 200 روپے فیس طے کی گئی۔

لائبریری کو مکمل طور پر ائیر کنڈیشنڈ کیا گیا۔ فوٹو کاپی کی سہولت بھی مہیا کی گئی۔ بعد ازاں اس لائبریری کی عمارت میں خاطر خواہ توسیع کی گئی۔

اس وقت لائبریری میں 40 ہزار سے زائد کتب، اور ریفرنس بکس موجود ہیں۔ علاوہ ازیں 1993 کے بعد ملک کے موقر اردو و انگریزی اخبارات و رسائل کا ریکارڈ بھی باقاعدہ رکھنے کا بندوبست کیا گیا۔

 

 

لائبریری کے آغاز میں ہی راقم نے بھی لائف ممبرشپ کارڈ حاصل کیا۔ تب جناب محمد یوسف کھرل صاحب کو لائبریرین جب کہ جناب محمد جاوید کو اسسٹنٹ لائبریرین بھرتی کیا گیا۔ میں سمجھتا ھوں ان دو اشخاص کا اخلاص شامل نہ ھوتا تو یہ عاجزانہ آغاز سے آج پنجاب بھر میں ضلع کونسل لائبریریوں میں کبھی سر فہرست نہ ھو سکتی۔ راقم نے دونوں کو ان کی جوانی میں دیکھا پھر لگ بھگ 27 برس بعد دوبارہ کل دورہ کیا تو لائبریری کی سج دھج اور پر سکون فضا میں خود کو واپس اپنی علمی پیاس سے بھرے شب و روز میں محسوس کیا۔

یوسف کھرل صاحب اور محمد جاوید صاحب نے ترنت پہچان لیا اور کمال محبت سے بعد از حال احوال، ساری تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اپنی ساری مہارتیں اور جوانی کے قیمتی ترین 30 برس نچھاور کر دینے والے ایک پورے ماہانہ مشاہرے میں گزر بسر کرنے والے اصحاب اندر سے ٹوٹ چکے تھے۔ میرے استفسار پر انھوں نے بتایا کہ یہ مقدس یادگار اب گزشتہ دو برسوں سے ضلع کونسل کے اختیار سے نکال کر صوبائی حکومت کے محکمہ تعلیم کے سپرد کر دی گئی ھے۔۔۔جو اس کا نام بھی بدلنے کا سوچ رھے ہیں اور تب سے ہی صرف سٹاف کی تنخواہ آتی ھے۔۔۔نئی کتب کی خریداری کے لئے ایک پائی کے فنڈز بھی جاری نہیں ہوے۔ اور انھوں نے اندیشہ ظاہر کیا شاید اسے ختم کر کے اس کی جگہ کوئی اور دفاتر قائم ہو جائیں۔ یوں شیخوپورہ کے عوام کے ایک روشن خیال صدر بلدیہ کے خواب کا تنا ور درخت بمعہ اپنے نام فاطمہ جناح سمیت قصہ پارینہ بن جاے۔۔۔

میں پہلے ہی روح کا روگی ایک اور روگ کا اضافہ کر کے جب باہر نکلا تو غور کیا اردگرد پھیلا کمپنی باغ بھی باوجود موسم بہار کی آمد کے پھیکے سے رنگ بکھیرنے کی سعی_ لاحاصل کر رھا تھا۔ ستر سال سے ملک میں وسائل کی بندر بانٹ کے نتیجے میں نئی خونخوار اشرافیہ کی نظر جہاں اتنا کچھ ھو چکا۔۔۔ایک یہ لائبریری بھی نہ رہی تو کیا فرق پڑے گا۔
(یہ آرٹیکل اور تصاویر بہت محترم ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی فرمائش پر لکھا گیا)

SHARE

LEAVE A REPLY