پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز شروع ہونے سے قبل کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے ،چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلئے ہمارا سارا فوکس ون ڈے پر مرکوز ہے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد اب پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز کل سے ہونے جارہا ہے۔

جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے کل پارل میں کھیلا جائے گا۔

ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل پیر کو پارل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ جو ماضی کی ناکامی ہوتی ہے اس کو ماضی میں رکھتے ہیں مگر اس سے سبق سیکھتے ہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے، ون ڈے میں ہمارا اچھا ردھم ہے اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

رضوان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی میں ہم نوجوان پلیئرز کو موقع دے کر تجربات کر رہے ہیں جبکہ ون ڈے سیریز میں ہم چیمپئنز ٹرافی کی تیاری ذہن میں رکھ کر میدان میں اتریں گے۔

محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں تمام پلیئر کپتان ہی ہیں، ٹیم میں “میں” کا لفظ نہیں، “ہم” کا لفظ ہوتا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY