گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خان خیلوی کی موت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک صارف نے عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کی موت کے حوالے سے بے بنیاد خبر پھیلائی، یہ افواہ اس قدر تیزی سے پھیلی کہ گلوکار کے صاحبزادے خود میدان میں آگئے۔

انہوں نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عطاء اللہ خان عیسی خیلوی کی ویڈیو شیئر کی جس میں گلوکار ہشاش بشاش نظر آرہے تھے، اسی پیغام میں انہوں نے اپنے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کی۔

گلوکار نے سوشل میڈیا پر اپنی موت کی جعلی خبر پھیلانے والے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تو چوبیس گھنٹے کے اندر ہی پولیس نے اُس شخص کو گرفتار کرلیا۔

بروز جمعہ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے بتایا کہ میرے انتقال کی جھوٹی خبر ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے شعیب قیصرانی نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔

فوک گلوکار کا کہنا تھا کہ میں نے شعیب قیصرانی کو معاف کردیا البتہ اُس کو تھوڑی بہت سزا ضرور ملنی چاہیے تاکہ وہ مستقبل میں کبھی ایسی حرکت نہیں کرسکے۔

سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کی روک تھام کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس حوالے سے مؤثر قانون سازی کرنا چاہیے تاکہ بے بنیاد پروپیگنڈا اور سادہ لوح عوام کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف اقدامات کیے جائیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY