پاکستان کی وزیرِ مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بیک چینل سفارت کاری نہیں ہورہی ہے۔
جمعرات کو سینیٹ اجلاس کے دوران جب حنا ربانی کھر سے پاکستان اور بھارت کے درمیان پسِ پردہ رابطوں سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا “اس وقت ایسا کچھ نہیں ہو رہا ہے۔”
انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت پاکستان اور بھارت کے سفارتی تعلقات محدود ہیں اورعوامی رابطے بھی نچلی سطح پر ہیں۔
وزیرِ مملکت برائے امور خارجہ نے یہ بات ایک ایسے وقت کہی ہے جب گزشتہ ہفتے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب اماارت کے دورے کے دوران ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ امارات بھارت اور پاکستان کو مذکرات کی میز پرلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سمیت تمام معاملات پر سنجیدہ مذاکرات ہو سکیں۔
شہباز شریف کے اس انٹرویو کے بعد وزیرِ اعظم آفس نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے زیرِ انتطام کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے پانچ اگست 2019 کے اقدام کوواپس لیے بغیر نئی دہلی سے بات چیت ممکن نہیں۔











