کراچی پورٹ ٹرسٹ کے نجی آئل ٹرمینل میں لگی آگ پر کئی گھنٹوں بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا، آگ پھیلنے کے خدشات کے باعث ملک میں تیل کی ترسیل عارضی طور پر روک دی گئی۔آتشزدگی کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک لاپتہ ہے، آگ ٹرمینل پر کام کرنے والے افراد کی غفلت سے لگی۔
20سے زائدگھنٹے گزرجانے کے باوجود آگ بے قابو ہے۔آگ بجھانے کے عمل میں پاک نیوی ،کے پی ٹی اور کےایم سی کے 15فائر ٹینڈرز ایک اسنارکل حصہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق آگ کیمیکل پی ایچ آئی ٹرمینل کے اسٹوریج ٹینک میں لگی جس میں میتھانول نامی 700 ٹن فیول موجود تھاجس میں سے 75 فیصد جل چکا ہےاور اب تک ہونے والے نقصان کا تخمینہ ساڑھے چار کروڑ روپے بتایا ہے ۔
آتشزدگی کے بعد کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چاروں آئل ٹرمینلز پر تیل کی ترسیل ہنگامی طور پر روک دی گئی ہےجبکہ جہازوں سے اسٹوریج تک تیل لے جانے والی پائپ لائن بھی بند کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ٹینک فل ہونے کے بعد چیکنگ کرنے والوں کی غفلت سے آگ لگی۔ واضح رہے کہ کیماڑی آئل ٹرمینل میں ایک ہفتے میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ذرائع کے مطابق کیماڑی ٹرمینل پر آگ پر قابو پانے کے آلات اور انتظامات نہیں ہیں جبکہ یہ ٹرمینل عالمی معیار اور قواعد و ضوابط کے مطابق تعمیر نہیں کیا گیا












