شامی فورسز نے ادلب صوبے میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں شدید بمباری کی ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک یا زخمی ہو گئے ہیں۔
اپوزیشن کے حامیوں نے ہفتے کو بتایا ہے کہ اس تازہ عسکری کارروائی کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر بھی ہو گئے ہیں۔ یہ وہی علاقہ ہے، جہاں ترکی اور روس کی ثالثی کے باعث آٹھ ماہ قبل فائر بندی کی ایک ڈیل طے ہوئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ شامی حکومت نے ادلب میں باغیوں کے آخری ٹھکانے کے خاتمے کی خاطر مزید کمک طلب کر لی ہے، جس میں ٹینک اور سینکڑوں سپاہی بھی شامل ہیں۔












