عمران خان اور اشرف غنی میں فون پر بات چیت

0
679

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو فون کر کے افغانستان میں قیام امن اور علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے پر بات چیت کی ہے۔

افغان کے صدارتی محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت کے دوران عمران خان نے اشرف غنی کو یقین دلایا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کیلئے افغانستان سے مکمل تعاون کرے گا۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بات چیت کے دوران افغان صدر اشرف غنی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ دونوں ملکوں میں اقتصادی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینے کیلئے سمجھوتا طے کیا جا سکے۔

جواب میں افغان صدر نے افغانستان میں قیام امن کیلئے عمران خان کی کوششوں پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے عمران خان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ دورے کی تاریخوں کا تعین دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی سطح پر طے کر لیا جائے گا۔

دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان یہ ٹیلی فون بات چیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب افغانستان کیلئے امریکہ کے مذاکراتی نمائندے زلمے خلیل زاد اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا چھٹا دور قطر کے شہر دوہا میں جاری ہے۔ طالبان افغان حکومت سے براہ راست بات چیت سے یہ کہتے ہوئے انکار کرتے آئے ہیں کہ افغان حکومت ’امریکہ کی کٹھ پتلی‘ حکومت ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY