پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ جو کچھ آج روپے کے ساتھ ہوا اس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈالر کے 150 روپے تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے پاکستان کے معاشی حالات کسی طرح بھی اچھے نہیں جبکہ ڈالر کی قیمت کا اتنا زیادہ بڑھنا تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پروگرام میں نہ ہوتے تو روپے چھاپ کر کام چلایا جاسکتا تھا لیکن اب یہ کرنا بھی ممکن نہیں۔
سابق گورنر سندھ اور رہنما پاکستان مسلم لیگ ن محمد زبیر نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ کوئی مہنگائی کروا رہا ہے، میں اپنی معیشت کو سست روی کا شکار بنانے پریقین نہیں رکھتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مارکیٹ میں ایک افراتفری کی کیفیت ہے، بدقسمتی سے جس پارٹی نے سالوں حکومت میں آنے کا انتظار کیا وہ آج اہم عہدوں پر تعینات افراد سے لاعلم ہے۔













