وفاقی وزیر قانون اور انصاف ڈاکٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو زرعی ٹیکس لینا چاہیے کیونکہ اس شعبے میں بہت زیادہ معاشی سرگرمیاں ہوتی ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن (پی ٹی بی اے) کے سالانہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 77 کے تحت قانون کے مطابق ٹیکس لیا جاسکتا ہے تاہم آئین کی 18ویں ترمیم کے بعد یہ صوبے کے پاس چلا گیا ہے۔
تاہم ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا کہ قانون شفاف ہونا چاہیے، زراعت سے منسلک کاروبار کا حجم بہت بڑا ہے، ملک کی 80 فیصد معاشی سرگرمیاں اس پر ہوتی ہیں تو وفاقی حکومت اگر زراعت سے ٹیکس اکٹھا کرے تو اس میں غلط کیا ہے۔












