عیدالفطر کا آج دوسرا روز، یہ تہوار صرف ایک دن تک محدود نہیں

0
1763

عیدالفطر کے دوسرے روز ملک بھر میں خوشیوں کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے، جہاں لوگ رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں جبکہ گھروں میں دعوتوں اور مہمان نوازی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

عید کا یہ دن روایتی طور پر میل جول، محبت اور سماجی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا موقع بن جاتا ہے۔ شہروں اور دیہاتوں میں کل کے میزبان آج مہمان بن گئے ہیں، گھروں میں انواع و اقسام کے کھانے تیار کیے جا رہے ہیں جن میں روایتی میٹھے اور چٹ پٹے پکوان شامل ہیں۔ سجے ہوئے دسترخوانوں پر اہل خانہ اور مہمان اکٹھے بیٹھ کر نہ صرف کھانے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں بلکہ خوشگوار گفتگو کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ عیدالفطر بنیادی طور پر خوشی، شکرگزاری اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا تہوار ہے جہاں خاندان اور دوست اکٹھے ہو کر وقت گزارتے ہیں ۔

بچوں میں عید کا جوش و خروش برقرار ہے، عیدی وصول کرنے کیلئے مختلف منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ بچے دادی، نانی اور دیگر رشتہ داروں کے گھروں کا رخ کر رہے ہیں جبکہ کئی بچوں نے پارک، چڑیا گھر اور جھولوں پر جانے کی پلاننگ کر رکھی ہے۔ کچھ مقامات پر اونٹ اور دیگر سواریوں سے لطف اندوز ہونے کا رجحان بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔

عید کا دوسرا دن اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یہ تہوار صرف ایک دن تک محدود نہیں بلکہ مسلسل خوشیوں، میل جول اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے، جہاں ہر عمر کے افراد اپنی اپنی طرز پر اس دن کو یادگار بنا رہے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY