انسانی حقوق کے ایک کشمیری گروپ نے اقوام متحدہ سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں متعین فوجی دستوں کی طرف سے تشدد کی تفتیش کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ مطالبہ جموں و کشمیر سول سوسائٹی کولیشن نامی تنظیم نے کیا۔ تنظیم کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی دستے تشدد کے ذریعے کشمیر پر اپنا مکمل کنٹرول یقینی بنانے کی کوشش میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اب تک ’ٹارچر کی یہ پالیسی‘ باقاعدہ طور پر سامنے لائی ہی نہیں گئی جبکہ ریاست میں مسلح افواج کو ان کی کارروائیوں کے حوالے سے قانونی اور سیاسی استثنیٰ حاصل ہے اور یہی استثنیٰ انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا باعث بھی بن رہا ہے۔











