ایٹمی بجلی گھروں کیخلاف ریفرنڈم ناکام ہوگیا، سوئٹزر لینڈ کے عوام کی اکثریت نے ملک میں ایٹمی بجلی گھر بند نہ کرنے کے حق میں ووٹ دے دیا۔
سوئس حکومت نے ایٹمی بجلی گھروں کی بندش سے متعلق ریفرنڈم کے سرکاری اور حتمی نتائج کا اعلان کردیا، جن کے مطابق 45 فیصد سے زائد لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
نتائج کے مطابق 54 فیصد سے زائد لوگوں نے اس بات کے حق میں فیصلہ دیا ہے کہ ملک میں کام کرنیوالے ایٹمی بجلی گھروں کو 2029ء سے قبل بند نہ کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے فرانسیسی زبان بولنے والے صوبوں کی اکثریت نے ایٹمی بجلی گھروں کو بند کرنے جبکہ جرمن زبان بولنے والے صوبوں کی اکثریت نے مذکورہ ایٹمی بجلی گھروں کو بند نہ کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔
ریفرنڈم کی کامیابی کی صورت میں سوئٹزر لینڈ کے 2 ایٹمی بجلی گھروں کو 2017ء تک نیشنل گرڈ سے خارج کردیا جاتا، مذکورہ دونوں بجلی گھروں کی میعاد، بالترتیب 2024ء اور 2029ء میں ختم ہو جائے گی












