وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی پر تنقید کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو عیدالاضحی اور محرم الحرام کی تاریخ نہیں بتانی چاہیے تھی کیونکہ اِن کی تاریخوں پر کبھی اختلاف رہا ہی نہیں ہے۔
ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ‘میرا نہیں خیال کہ پاکستان کے اندر عیدالاضحی اور محرم الحرام پر اختلاف رہا ہو’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم خیبرپختونخوا میں تین دن عیدیں مناتے رہے، کسی نے نوٹس نہیں لیا، پہلی مرتبہ اس مسلئے کو سنجیدگی سے لیا گیا اور ہم چاہتے ہیں کہ اب یہ معاملہ ختم ہوجائے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘اس معاملے کے لیے میری تجویز ہے اور میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پیشکش کرتا ہوں کہ مرکزی رویت ہلاک کمیٹی اور ان کی ٹیم، وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور ان کی ٹیم پشاور آئے اور ہمارے علماء کرام کے ساتھ بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالے’۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے عیدالفطر کے بعد اب عید الاضحیٰ اور محرم الحرام کی عیسویں تاریخوں کا بھی پیشگی کا اعلان کیا تھا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر نے رمضان المبارک کے آغاز سے قبل اعلان کیا تھا کہ ہر سال رمضان اور عیدالفطر کے موقع پر پیدا ہونے والے تنازع کے خاتمے کے لیے سائنسدانوں پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی جو آئندہ 10 سال کے لیے قمری کیلنڈر جاری کردے گی۔
عید الفطر کے دوسرے روز سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہجری کیلنڈر کے مطابق عید الاضحیٰ 12 اگست 2019 بروز پیر اور یکم محرم الحرام یکم ستمبر 2019 بروز اتوار کو ہوگی۔












